مرکیرہ:13/ مئی (ایس او نیوز) ضلع مرکیرہ کے کوڈلیپیٹ کے نزدیک کچھ نامعلوم شرپسندوں نے لاری پر جانوروں کو لے جانے کے دوران پولس کے ذریعے پکڑواکر لاری کو نذر اتش کردیا، جبکہ پولس نے دعویٰ کیا ہے کہ لاری پر غیر قانونی طور پر آٹھ جانوروں کو لے جایا جارہا تھا۔
اس تعلق سے پولیس نے دو لوگوں کو گرفتار کرلیا، جبکہ بتایا گیا ہے کہ لاری پر سوار دیگر پانچ لوگ فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ پکڑے گئے ملزم منصور اور شریف منگلورو کے رہنے والے ہیں اور پولیس نے ان کے پاس سے آٹھ گائیں برآمد کی ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ پولیس ٹیم نے 20 کلومیٹر سے زیادہ تورینورو سے کوڈلیپیٹ تک ان کی گاڑی کا پیچھا کیا۔ پولس کی اگر مانیں تو اس دوران جانوروں کو لے جانے والے لوگوں نے پولیس کی گاڑی کو ٹکر مارنے کی کوشش کی اور ان پر مہلک ہتھیاروں سے حملہ بھی کیا، لیکن پولیس جوانوں نے خود کو ان کے حملوں سے بچاتے ہوئے آخر کار انہیں دبوچ لیا اور لاری کو پولس تھانہ لے گئے۔ جہاں جانوروں کی لاری کو پکڑنے کی اطلاع ملتے ہی کافی لوگ جمع ہوگئے اور ہنگامہ کرنے لگے۔ اس دوران کچھ لوگوں نے پولس تھانہ کے باہر رکھی ہوئی لاری کو آگ لگا دی۔
فائر بریگیڈ کی مدد سے کچھ دیر بعد آگ کو بچھادیا گیا مگر پوری لاری جل کر خاکستر ہوگئی۔ اس سلسلے میں کوشل نگر مضافاتی پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے، جبکہ ضلع کے ایس پی راجیندرا پرساد نے اخبارنویسوں کو بتایا کہ فرار ہونے والے دیگر پانچ لوگوں کو مینگلور میں پکڑنے کی کوشش جاری ہے۔

